خبرٰیں

حکومت برفباری سے متاثرہ علاقوں کی مکمل بحالی کے لیے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ قاسم خان سوری

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ہلال احمر پاکستان کی قدرتی آفات کے دوران کارکردگی قابل تحسین ہے، بلوچستان قدرتی آفات کی زد میں واقع ایسا خطہ ہے جہاں پر ہر وقت کسی نہ کسی آفت کے وقوع پذیر ہونے کے خطرات موجود رہتے ہیں، ایسے میں ان آفات سے بروقت نمٹنے اور مقامی آبادی کو درپیش خطرات کو کم کرنے کے لئے ہلال احمر پاکستان عرصہ دراز سے سرگرم عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلال احمر پاکستان کی جانب سے حالیہ برفباری سے متاثرہ خاندانوں میں کمبل، کچن سیٹ، ڈینٹل کٹ، جیری کین اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلوچستان میں برفباری سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کا کام صوبے کے مختلف علاقوں میں زور شور سے جاری ہے اس سلسلے میں کوئٹہ میں متاثرہ خاندانوں میں مختلف اشیاء تقسیم کی گئیں تقریب کے مہمان خاص ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے متاثرہ خاندانوں میں اشیاء تقسیم کیں۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ہلال احمر بلوچستان کی امدادی کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہلال احمر دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے بلکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بھرپور کردار ادا کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک ایسا علاقہ ہے جہاں ہمیشہ قدرتی آفات کے خطرات موجود رہتے ہیں جس کیلئے تمام ادارے الرٹ رہتے ہیں اس سلسلے میں ہلال احمر کاعملہ بھی الرٹ رہتا ہے اور لوگوں کو سہولیات اور دیگر کی فراہمی کیلئے تیار رہتے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ قدرتی آفات چاہے وہ سیلاب ہو، حالیہ برفباری ہو یا پھر زلزلہ، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریسکیو اور طبی امداد کے ساتھ ساتھ راشن ودیگر اشیاء کی فراہمی ممکن بنائیں۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق ہلال احمر کو مزید بہتر فعال بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ موجودہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی اور ان سے جو وعدے کئے ہیں ان کی تکمیل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور بہت جلد عوام حکومتی اقدامات کے ثمرات سے مستفید ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ شدید برفباری اور بارشوں میں حکومتی اداروں کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے اور حکومت ان متاثرین کی مکمل بحالی کے لیے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ملک کے دیرینہ مسائل بتدریج حل ہو رہے ہیں اور حکومتی اداروں کی کارکردگی میں بہترئی آرہی ہے جس کے دورس نتائج مرتب ہونگے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button